Wed. Jun 19th, 2019

سوشل میڈیا پر تنقید: جہانگیر ترین اسد عمر کے دفاع میں سامنے آگئے

لاہور: سابق وزیر خزانہ اسد عمر ان دنوں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں ہیں تاہم پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین اُن کے حق میں کھل کر سامنے آگئے ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر حامی اور سرگرم صارف فرحان ورک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے اسد عمر کے خلاف چلائی جانے والی مہم کی وہ مذمت کرتے ہیں۔ 

جہانگیر ترین نے کہا کہ ‘اسد عمر اور میں نے مل کر 8 سال ‘اسٹیٹس کو’ کے خلاف جدوجہد کی اور میں آج بھی اُن کی جدوجہد کو احترام کی نظر سے دیکھتا ہوں’۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ‘کابینہ سے جانے کے باوجود اسد عمر کا اہم مقام ہے جو قائم رہےگا اور پوری جماعت اسد عمر کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے’۔

یاد رہے کہ 18 اپریل کو اسد عمر نے ایک ٹوئٹ پیغام کے ذریعے وزارت خزانہ سے علیحدگی کا اعلان کیا تو فرحان ورک نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘آپ لوگ جھوٹ کیوں بولتے ہیں؟ پرسوں بتا دیتے، تین دن اسد عمر کا دفاع کرو اور صحافیوں کو رگڑو اور چوتھے دن صحافی سچے ہم سب جھوٹے، سمجھ ہی نہیں آ رہی آپ لوگ کرنا کیا چاہ رہے ہو۔

یہی نہیں فرحان ورک نے اسد عمر پر شدید تنقید کرتے ہوئے ڈاکٹر فرخ نسیم سے گفتگو کی ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں انہیں اسد عمر کی پالیسی پر تنقید اور اس پر سوالات اٹھاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
جہانگیر ترین کی ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے فرحان ورک نے کہا کہ ‘میں نے کل بھی کہا اور آج بھی کہتا ہوں کہ میں نے ساری مہم خود اپنی کریڈیبلٹی پر چلائی جس پر اب بھی کھڑا ہوں، مجھے کوئی حکم نہیں دیتا، اپنی مرضی کرتا ہوں اور انشااللہ دو مہینہ میں سب کو پتہ لگ جائے گا سچا کون تھا’۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *