Mon. May 27th, 2019

سری لنکا: دہشتگردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ، 3 خودکش دھماکے، 15 ہلاک

سری لنکا کے درالحکومت کولمبو کے مشرقی علاقے کلمونائی میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر تازہ کارروائی کے دوران خودکش دھماکوں میں 6 بچوں اور 3خواتین سمیت 15 افراد ہلاک ہو گئے۔سری لنکن پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق ایسٹر بم دھماکوں سے ہے۔سری لنکن پولیس ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ شب کلمونائی میں واقع گھر پر چھاپا مارا، جس کے بعد عسکریت پسندوں سے سیکیورٹی فورسز کا فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔مقابلے کے دوران 3خود کش حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں 3 خواتین اور 6بچے بھی ہلاک ہوئے جبکہ 3 خودکش حملہ آوروں کی لاشیں مکان کے باہر سے ملی ہیں۔سری لنکن پولیس کے مطابق واقعے میں ایک شہری بھی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہو گیا۔واضح رہے کہ کولمبو سے 370 کلومیٹر دور واقع علاقے کلمونائی کے مذکورہ مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے یہ مشترکہ آپریشن کیا۔سری لنکن پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ ایک گھنٹے چلنے والے مقابلے میں سیکیورٹی فورسز کا کوئی اہلکار ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔اس سے قبل سری لنکا کے مشرقی علاقے سمنتھورائی Samanthurai میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جہاں ایک گھر سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔سیکیورٹی فورسز کو مذکورہ مکان سے داعش کی وردیاں، جھنڈے، بم تیار کرنےکا سامان، اور ڈرون کیمرے بھی ملے ہیں۔دھماکوں میں مبینہ طورپرملوث ہونے کے شبہے میں امریکی مسلم خاتون کی تصویرشائع کرنے پر سری لنکن پولیس نےمعذرت کرلی ہے۔سری لنکن صدرنے آج وسیع آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ایک گھر کو تلاش کیا جائے گا۔دوسری جانب مزید حملوں کے پیش نظر سری لنکا کے گرجا گھروں میں اتوار کی عبادات معطل کر دی گئی ہیں۔نماز جمعہ کے اجتماعات بھی منعقد نہ کرنے کی اپیل کے باوجود مسلمان بڑی تعداد میں جامع مساجد پہنچے اور نماز جمعہ ادا کی۔امریکا نےسری لنکا جانے والے اپنے شہریوں کو لیول تھری سطح کی ایڈوائزری جاری کر دی ہے جبکہ امریکی اہلکاروں کے بچے سری لنکا سے واپس بلا لیے گئے ہیں ۔واضح رہے کہ سری لنکا میں گزشتہ اتوار کو ایسٹر کے موقع پر کئی چرچوں اور ہوٹلوں سمیت 8 مختلف مقامات کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 253 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *