Wed. Jun 19th, 2019

بدعنوان سیاستدان پیسہ واپس کرنا چاہتے ہیں لیکن رسیدیں نہیں دیناچاہتے

لاہور : صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ کرپشن میں ملوث سیاستدان پیسہ تو واپس کرنا چاہتے ہیں لیکن رسیدیں نہیں دینا چاہتے، شریف برادران کسی تیسرے فرد کے ذریعے ڈیل کے لئے تیار ہیں،لیکن ان کا بنیادی مسئلہ یہ ہے کہ اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنےبچوں کی سیاست بچانے کے بھی خواہش مند ہیں۔ اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈیل کے حوالے سے نوازلیگ کا ٹریک ریکارڈ سب کے سامنے ہے۔ ماضی کی طرح شہبازشریف ایک دفعہ پھر راہ فرار اختیار کر چکے ہیں۔ جبکہ ان کے بڑے بھائی بھی لندن جانے کے لئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بے نامی اکاؤنٹس سے جن لوگوں کے پیسے نکل رہے ہیں انہیں اتنے صفر لگانے نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہنا سچ ثابت ہوا ہے کہ لوٹ مار کرنے والے سیاستدان اصل میں ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت کا عزم ہے کہ قومی دولت کی ایک ایک پائی کی حفاظت کریں گے۔ حقیقی تبدیلی یہی ہے کہ کرپٹ عناصر کھل کر بے نقاب ہو گئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اے پی سی اور حکومت مخالف تحریک کی منصوبہ بندی نے دونوں جماعتوں کے کرپٹ عناصر کا گٹھ جوڑ عوام پر عیاں کر دیا ہے۔ لیکن پی ٹی آئی حکومت الیکشن میں جو مینڈیٹ لے کر آئی ہے وہ یہی ہے کہ ملکی دولت کو لوٹنے والے کسی چور ڈاکو کو ہرگز معافی نہیں ملے گی۔ سب چوروں کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *