Thu. Jul 18th, 2019

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 38 پر گرگئی

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے اہم ترین میچ میں پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 38 رنز پر گرگئی۔

محمد عامر نے میچ کے دوسرے اور اپنے پہلے ہی اوور میں مارٹن گپٹل کو کلین بولڈ کیا، وہ صرف 5 رنز بناسکے۔

کولن منرو کو 12 رنز پر شاہین آفریدی نے پویلین کی راہ دکھائی، راس ٹیلر صرف 3 رنز بناسکے، ٹیلر کو سرفراز احمد نے شاہین آفریدی کی گیند پر شاندار کیچ لے کر آؤٹ کیا۔

اس سے قبل کرکٹ ورلڈ کپ کے 33 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم برمنگھم میں آج اپنا اہم ترین میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیل رہی ہے ،سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے گرین شرٹس کو اس میچ سمیت اگلے 3 میچز لازمی جیتنے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ آج کے میچ کی فتح کے بعد سیمی فائنل میں جانے والی دوسری ٹیم بن سکتی ہے۔

برمنگھم میں صبح ہونے والی بارش کے بعد وکٹ گیلی ہونے کی وجہ سے ٹاس ایک گھنٹہ تاخیر سے کیا گیا، لیکن میچ میں اوورز کم نہیں کیے گئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم،محمد حفیظ،حارث سہیل،شاداب خان،محمد عامر، شاہین آفریدی، وہاب ریاض اور عماد وسیم شامل ہیں۔

کرکٹ ورلڈ کپ مقابلوں کی تاریخ کا جائزہ لیا جائے تو ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیم پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیمیں اب تک ورلڈکپ میں 8 بار مدمقابل آچکی ہیں جن میں سے پاکستان نے 6 اور نیوزی لینڈ نے صرف 2 میچز جیتے ہیں۔

نیوزی لینڈ اب تک ایونٹ کی ناقابل شکست اور مضبوط ترین ٹیم ثابت ہوئی ہے، جبکہ کیوی قائد کین ولیمسن کا بلا بھی ایونٹ میں رنز اگل رہا ہے۔

گزشتہ روز بارش کی وجہ سے دونوں ٹیموں نے انڈور پریکٹس کی لیکن محکمہ موسمیات کی جانب سے اچھی خبر یہ ہے کہ آج موسم خوشگوار رہے گا اور بارش کا امکان بھی نہیں ہے۔

ایونٹ میں گزشتہ روز آسٹریلیا کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکست نے قومی کرکٹ ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدوں کوزندہ رکھا ہوا ہے تاہم آج کے میچ کے بعد گرین شرٹس کو بنگلادیش اور افغانستان سے بھی نبرد آزما ہونا ہے، جبکہ میزبان ٹیم انگلینڈ کو اگلے دو میچز مضبوط حریفوں بھارت اور نیوزی لینڈ سے کھیلنے ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 6 میچز کھیل کر 5 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 6 میچز کھیل رکھے ہیں اور 11 پوائنٹس کے ساتھ وہ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *