Mon. Jun 17th, 2019

گورنرسندھ سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات، معاشی امور پر تبادلہ خیال

گورنرسندھ عمران اسماعیل سے امریکا کی قونصل جنرل جواین ویگنر نے پانچ رکنی وفد کے ہمراہ گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی جہاں عالمی معیشت میں کراچی کے کردار سمیت دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ کے پریس سیکریٹری کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گورنر ہاؤس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں عمران اسماعیل اور امریکی قونصل جنرل نے پاک-امریکا سفارتی وتجارتی تعلقات، پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی کا عالمی معیشت میں کردار، پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ اور اس کے خطے پر اثرات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

گورنرسندھ نے کہا کہ پاک-امریکا دوطرفہ تعلقات خطے کے مفاد میں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون خوش آئند ہے۔

عمران اسماعیل نے امریکی وفد سے کہا کہ پورے صوبے اوربالخصوص کراچی میں امریکی قونصل جنرل دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے لیے کلیدی کردار ادا کرسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جلد پاکستانی کاروباری افراد کا وفد امریکا کے مختلف شہروں کا دورہ کرے گا جس کا مقصد پاکستان میں موجودہ سرمایہ کاری کے مواقع کو بہتر انداز سے اُجاگر کرنا ہے۔

پاکستانی کاروباری وفد کے متوقع دورے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دورے میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے امریکی سرمایہ کاروں اور دیگر متعلقہ افراد سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ امریکی کاروباری طبقے کے لیے پاکستان میں آئی ٹی اور سوفٹ وئیر ڈویلپمنٹ کے شعبے میں وافر مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سازگارماحول اور بھرپور استعداد کے باعث پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے اس طرح امریکی سرمایہ کار بھی کراچی شہر میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ پاک-امریکا دوطرفہ تعلقات وقت کی اہم ضرورت ہیں، سی پیک منصوبہ کی تکمیل کے بعد پاکستان میں خوش حالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

امریکی وفود کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ امریکی سرمایہ کار بھی اس اقتصادی راہداری سے بھرپور استفادہ حاصل کریں، امریکی سرمایہ کاروں کی مختلف شعبوں میں دلچسپی سے دوطرفہ تعلقات بھی مزید مستحکم ہوں گے۔ اس موقع پر امریکی قونصل جنرل جواین ویگنر نے کہا کہ امریکا، پاکستان کو خوش حال، ترقی یافتہ اور مستحکم دیکھنے کا خواہش مند ہے اور اس حوالے سے ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اپنی معاشی ترجیحات خود طے کرنا خوش آئند ہے۔

امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ اس وقت امریکا کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں کام کررہی ہیں جبکہ کم لاگت، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور محنتی افرادی قوت سرمایہ کاروں کے لیے اہمیت کی حامل ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *