Wed. Jun 19th, 2019

نیول چیف کا آپریشنل تیاریوں کی جانچ کے لیے اگلے مورچوں کا دورہ

کراچی: نیول چیف ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ساحلی تنصیبات اور اگلے مورچوں کادورہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کی تیاریوں کے جانچ کے سلسلے میں ایڈمرل ظفر محمود اگلے مورچوں کے ساتھ ساتھ شمالی بحیرہ عرب میں تعینات بحری جنگی جہازوں پر بھی گئے۔ اس موقع پرانہیں پاک بحریہ کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

امیرالبحر نے اگلے موروچوں پر تعینا ت افسروں اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور ان کی آپریشنل تیاریوں اور بلند حوصلے کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے موجودہ صورت حال میں افسران اور جوانوں کو ہمہ وقت انتہائی مستعد اور چوکس رہنے کی ہدایت بھی کی ۔

نیول چیف کا کہنا تھا کہ بھارتی آبدوز کی بروقت سراغ لگانا پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ہم امن پسند ملک ہیں مگردشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی انتہائی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم جارحیت نہیں چاہتے مگر اگر دشمن نے پہل کی تو بھر پور جواب دیں گے۔ ہمارا غیر متزلزل ایمان ، ہمت اور وطن کی حفاظت کا جذبہ ہماری صلاحیتوں کو استحکام عطا کرتا ہے۔

یاد رہے کہ پانچ مارچ کو پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کی موجودگی کو ٹریس کرلیا تھا اور اس کی اپنے آپ کو خفیہ رکھنے کی ہرکوشش کو ناکام بنایا تھا، ترجمان بحریہ کا کہنا تھا کہ امن قائم رکھنےکی حکومتی پالیسی کے تحت بھارتی آبدوزکونشانہ نہیں بنایاگیا۔بھارتی آبدوزکونشانہ نہ بنانا پاکستان کی امن پسندی کاغمازہے، واقعےسےسبق حاصل کرکےبھارت کوامن کی جانب راغب ہوناچاہیے۔

جس آبدوز کو پکڑا گیا تھا وہ جدید ترین تھی پھر بھی پاک بحریہ سے نہ چھپ سکی، بھارتی آبدوز زیادہ پرانی نہیں ہے، نومبر2017 میں تیارکی گئی تھی ۔خیال رہے نومبر 2016 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *