Wed. Jun 19th, 2019

پی ایس ایل 4 کوالیفائنگ میچ: گلیڈی ایٹرز کی پہلے بیٹنگ، واٹسن کی دھواں‌ دھار ففٹی

کراچی: پاکستان سپرلیگ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 11 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 113 رنز بنا لیے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کا چوتھا ایڈیشن کامیابی سے اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے، اس ضمن میں آج کے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مد مقابل ہیں۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر سرفراز احمد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور احمد شہزاد نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو سرفراز الیون کی پہلی وکٹ تین کے مجموعی اسکور پر گری، بعد ازاں واٹسن نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 4 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 30 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی، وکٹ کے دوسرے جانب کھڑے کھلاڑی احسن علی نے بھی بھرپور انداز سے ساتھ دیا۔

کوالیفائنگ راؤنڈ میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کو ایلیمنٹر میچ میں ایک اور موقع ملے گا۔ ایلیمنیٹر راؤنڈ کا پہلا میچ 14 مارچ کو کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جس میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم دوسرا میچ کھیلے گی۔

پلے آف مرحلہ مکمل ہونے کے بعد فائنل کھیلنے والی ٹیموں کا اعلان کیا جائے گا۔

دوسری جانب کراچی میں کرکٹ کا جنون عروج پر ہے، شائقین کرکٹ نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل کے تمام میچز میں شرکت کر کے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھا رہے ہیں۔

عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز کو دیکھ کر کرکٹ کے دیوانے خوشی سے پھولے نہیں سما رہے، انہوں نے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم پہنچ کر دنیا کو یہ پیغام بھی دے دیا کہ پاکستان اور بالخصوص کراچی محفوظ ملک ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *